ڈھاکہ،12جون؍(آئی این ایس انڈیا)بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ نے ملکی سکیورٹی حکام کو ہدایت کی ہے کہ اقلیتی آبادی کے شہریوں اور لادین و لبرل افراد کو ہلاک کرنے کے سلسلے کو روکنے کے لیے ہر ممکن طریقہ استعمال کرنا ہو گا۔ بعض سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ شیخ حسینہ اِن ہلاکتوں کا الزام مذہبی سیاسی جماعت اسلامی پر عائد کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خفیہ انداز میں ہلاکتوں کے سلسلے کو روکنا ازحد ضروری ہے۔ دوسری جانب پولیس کا مشتبہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اب تک 32سو کے قریب افراد کو شبے کی بنیاد پر حراست میں لیا جا چکا ہے۔ ان میں انتہاپسندوں گروپوں کے تین درجن سے زائد افراد بھی شامل ہیں۔ ستائیس انتہا پسندوں کا تعلق کالعدم جماعت المجاہدین سے بتایا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والے زیادہ تر افراد چھوٹے بڑے جرائم کرنے والے ہیں۔